دھرتی کا دکھ
کل جب آپ اخبار پڑھیں گے تو یہ خبر بھی آپ کی نظر سے گذرے گی " ایک اور ڈاکٹر ٹارگٹ کلنگ کا شکار"۔ آپ یقینا سوچیں گے کہ اس میں ایسی کونسی خاص بات ہے؟ روزانہ کتنے ہی لوگ مملکت خداداد میں " نامعلوم " افراد کی گولی کا نشانہ بنتے ہیں۔ ایک ڈاکٹر یعقوب پر کیا موقوف۔ اور ڈاکٹر کمیونٹی تو بقول عدالت عالیہ " معاشرے کا سب سے ظالم طبقہ" ہے۔ یہ خبر خاص ہے تو صرف متوفی کے پسماندگان کےلئے کیونکہ وہ اس سانحہ کے براہ راست متاثرین میں شامل ہیں۔ یا ان کے احباب کےلئے جو ڈاکٹر صاحب سے ذاتی طور پر واقفیت رکھتے ہیں۔ ہماری عوام تو خواص کے رنگ میں اسطرح رنگ چکی ہے کہ اب قحط پہ کیک کھانے کا مشورہ دیتی ہے۔ ہماری ترجیحات اب طلاقوں، سکینڈلز، نت نئے سیاسی بیانوں کی براہ راست سماعت، چیختے چنگھاڑتے ٹی وی میزبانوں کی داستان امیر حمزہ اور انتخابات کے ایک لامتناہی سلسلہ تک محدود ہیں۔سڑکوں پر بلکتی ہوئی عوام، صحراؤں میں بھوک اور بیماری کا شکار بچے، زلزلہ زدہ علاقوں کے سردی سے ٹھٹرتے بوڑھے اور امدادی قطاروں میں لگی ہوئی خواتین ہماری نظروں سے اوجھل ہیں کیونکہ نہ تو ان کی تصاویر اور کوریج پر ہمارے فالورز میں اضافہ ہونے کا امکان ہے اور نہ ہی ہماری ریٹنگ بڑھتی ہے۔ الٹا قنوطیت میں اور بے بسی کے احساس میں اضافہ ہوتا ہے (اگر کسی کو احساس ہے تو)۔ ہم کبھی یہ نہیں سوچتے کہ اجل سے کس کو رستگاری ہے آج ہم تو کل تمہاری باری ہے۔ہمیں کوئی احساس نہیں کہ بنک کی میز پہ بیٹھا ہوا کیشئیر، ہوٹل کا کاؤنٹر مین یا ہمارا بیگ اٹھانے والا بیل بوائے، چوک میں کھڑا ہوا ٹریفک کانسٹیبل، ہمیں صبح سویرے اخبار اور دودھ پہنچانے والا آدمی ہماری زندگی کے معمول میں کتنے دخیل ہیں۔چوری کی ایف آئی آر درج کرنے والا محرر، آپکے محلے کا ڈاکیہ ،حفاظتی ٹیکے دینے والے ویکسینیٹر،سرکاری ہسپتال کے شعبہ حادثات میں آپکے بیمار کو طبی امداد دینے والا ڈاکٹر اور طبی عملہ، آپکی حفاظت کرنے والی پولیس، اور آپ کے بچوں کو قرآن پڑھانے والےقاری صاحب ہمیشہ بے نام رہتے ہیں۔اگر ان کاموں کی انجام دہی میں یہ لوگ کوتاہی کریں تو ہمیں لازمی شکایت ہوتی ہے کہ دودھ والا ملاؤٹ کرتا ہے، اخبار اور خط وقت پہ نہیں ملتے، ڈاکٹر مریض پہ توجہ نہیں دیتے، تھانے والے خوار کرتے ہیں۔ ان لوگوں کی غیر موجودگی بھی کوئی معنی نہیں رکھتی۔ کبھی آپ نے اپنے گھر کے چوراہے میں موجود ٹریفک سپاہی کو مس کیا ہے؟ تو نہ سہی اور سہی۔ زندگی تو رکتی نہیں لیکن جب کبھی اپنے گھر کی بات آتی ہے تو پھر دل کو دھچکا لگتا ہے۔ اس وقت اپنوں کے بچھڑنے کا دکھ اٹھتا ہے۔ڈاکٹر یعقوب آپ یقینا اپنے سارے پیاروں کو یاد آئیں گے۔ کیا ہوا کہ آپ اس آج کل کی مادہ پرست زندگی کے میعار کے مطابق بڑے آدمی نہیں کہ یہاں بڑے آدمی بڑے کام سے نہیں بنتے۔نہ یہ کہ آپ کے نام پہ ہسپتال کا نام رکھا جائے، یادگار شہدا میں آپ کی تصویر ہو۔ کوئی نہیں روتا عمر بھر۔ کچھ دن تذکرہ ہوتا ہے کہ قاتلوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور پھر ہم لوگ بھول جاتےہیں۔ ہمیشہ بھول جاتے ہیں جس طرح ڈاکٹر یارمحمد کو بھلادیا ہے۔ اس خودفراموشی کی فہرست میں آپ اکیلے نہیں۔ کل کلاں کو اس میں ڈاکٹر XYZکا نام بھی ہوگا کیونکہ عوام اور اس کے خدمت گزاروں کی حفاظت ہماری ترجیح نہیں۔ اور ہمارے محافظ تو خود بغیر محافظ کے قدم رکھنے کے روادار نہیں۔ ضلع کے محافظ اعلٰی منتطم اعلٰی سے ملاقات کےلئے تشریف لےجاتے ہوئے ایلیٹ فورس کا دستہ اور سڑک کی بندش لازم سمجھتے ہیں حالانکہ دونوں کے دفاتر کے مابین صرف سڑک حدفاصل ہے۔ایسے میں اپنی حفاظت کی صرف دعا کی جاسکتی ہے کہ دیس میں کتے کھلے پھرتے ہیں لیکن پتھروں کو گاڑ کہ رکھا ہوا ہے۔احتجاج ہڑتال اور مظاھرے اپنے دل کی غبار نکالنے کا وسیلہ تو بن سکتے ہیں لیکن اپنے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی مدد نہیں دے سکتے۔جمہوریت بہترین انتقام ہے لیکن کون اپنے آپ سے انتقام لے؟ظلم کرنے والے تو اسی سرزمین کے فرزندان ہیں جن کے بچوں کے علاج و بہتری صحت کےلئے آپ نے اپنی زندگی قربان کر دی۔ آپ کے سارے ساتھی آپ کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ جب بھی امراض کے انسداد وروک تھام کے بارے میں کوئی بات ہوگی تو آپ کی جدائی کا زخم ہرا ہوگا۔ اللہ کرے کہ سوہنی دھرتی ہمیشہ بیماریوں سے محفوظ رہے اور انشااللہ ایک دن پولیو سمیت تمام امراض کا خاتمہ ہوگا ایک دن یہاں کے نادانوں کو بھی عقل نصیب ہوگی لیکن شاید تب تک بہت سے اور ڈاکٹر یعقوب دھرتی کے اندر پرسکون نیند سو رہے ہوں گے۔
محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے تیری محفل میں لیکن ہم نہ ہوں گے
No comments:
Post a Comment